اسلام آباد، 19 جنوری (اے پی پی ): قومی اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔
پارلیمانی سیکرٹری گل اظہر خان نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اس سال باسٹھ ارب روپے کا بجٹ سڑکوں کی مرمت کے لیے رکھا گیا ہے، جس میں سالانہ روٹین کی مرمت بھی شامل ہے اور سیلاب میں منہدم ہو جانے والی سڑکوں کی بھی مرمت کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے شروع کیے گئے تمام سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کے بین الاقومی رہنما اصولوں معیارات اور تصریحات کے مطابق منصوبہ بندی ڈیزائن اور تعمیر کیے جاتے ہیں جو بنیادی طور پر امریکن ایسوسی ایشن آف اسٹیٹ ٹرانسپورٹیشن آفیشلز ، امریکن سوسائٹی فار ٹیسٹنگ اینڈ میٹریلز اور امریکن کانکریٹ انسٹیٹیوٹ کے بہترین معیار کے مطابق ہوتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے توانائی علی پرویز ملک نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کہ اس سال گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہت کم گیس لوڈ شیڈنگ کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ تقریباً 780 میگاواٹ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت نے گھریلو شعبے کے لیے گیس کی ترسیل بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔











