وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں  وفد کی ملاقات،   علمائے کرام کو درپیش  مسائل کے حل کے لیے  کمیٹی قائم

11

اسلام آباد،21جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی سمیت علمائے کرام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران علمائے کرام کے مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔کمیٹی کی قیادت وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کریں گے۔ ارکان میں  مفتی منیب الرحمن اور دیگر جید علمائے کرام اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔یہ کمیٹی مسائل کے مستقل اور قابل عمل حل کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفتی منیب الرحمن اور دیگر علمائے کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مفتی منیب الرحمن سب کے لیے قابل احترام ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کا درس دیا ہے۔ وہ سب کو متحد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے زور دیا کہ  ہم سب ایک ہیں اور پاکستان سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ علمائے کرام کے مسائل کا جائزہ لے کر انہیں فوری حل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لیے علمائے کرام کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر مفتی منیب الرحمن نے ملک کی سالمیت، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

وفد میں علامہ لیاقت حسین اظہری، مفتی عابد مبارک المدنی اور ملک محمد ابراہیم، وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔