اسلام آباد، 21 جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے درمیان پیپلز ٹرین سروس سمیت مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں سستی اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر ڈیولوشن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی ہے جو وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور اشتراکِ عمل کی مضبوط مثال ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے لیے ایک ارب 40 کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کے بعد مستونگ اور پشین تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حکومت بلوچستان ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر اور انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن کے لیے وسائل فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ مقامی ریلوے سروسز کے منصوبوں میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی ہے جو وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی مؤثر قیادت اور واضح وژن کا ثبوت ہے۔
اجلاس میں پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے عوامی مفاد کے منصوبوں میں تیز رفتار پیش رفت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلویز نے ریلوے فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق کیا۔











