پی این سی اے میں یورپی فوٹو جرنلسٹ کی تصویری کتاب کی رونمائی کے موقع پر کشمیر سے متعلق سیمینار کا انعقاد

16

اسلام آباد، 27جنوری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے) میں معروف یورپی فوٹو جرنلسٹ سیڈرک جربہائے کی تصویری کتاب “Kashmir: Wait and See” کی رونمائی کے موقع پر کشمیر سے متعلق ایک سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک دیرینہ تنازع ہے جو خطے میں امن اور استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی علمی اور دستاویزی کاوشیں مسئلے کو بہتر طور پر سمجھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے فوٹو جرنلسٹ سیڈرک جربہائے کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور کہا کہ تصویری مواد عوامی آگاہی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

بعد ازاں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوٹو بک میں کشمیر کی صورتحال کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف مختلف عالمی فورمز پر پیش کرتا رہا ہے اور اس تنازع کے حل کے لیے بات چیت کی ضرورت ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ کتاب کشمیری عوام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے اور اسے ایک اہم دستاویزی کام قرار دیا۔

سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل پر عالمی توجہ کی ضرورت ہے، جبکہ خواتین اور بچوں کے حالات خصوصی توجہ کے متقاضی ہیں۔

بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ایسی دستاویزات مکالمے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کہا کہ یہ فوٹو بک کئی سالوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور اس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

سیمینار میں یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمنٹ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے بھی شرکت کی۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مکالمے اور عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔