ابوظہبی۔27جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشامسی نے منگل کے روز خیرسگالی ملاقات کی۔صدر مملکت نے اے ڈی پورٹس گروپ کی طویل المدتی سرمایہ کاری اور پاکستان کے بحری و لاجسٹکس شعبے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا اور اسے پاکستان-متحدہ عرب امارات اقتصادی تعاون کا ایک اہم ستون قرار دیا۔
انہوں نے کراچی بندرگاہ پر گروپ کی جاری سرمایہ کاری کو بندرگاہی صلاحیت، کارکردگی اور علاقائی مسابقت میں اضافے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بندرگاہی انفراسٹرکچر کی توسیع اور جدید کاری سے تجارتی بہائو مضبوط ہوگا اور پاکستان کی وسیع تر معاشی ترقی اور سمندری تجارت کو فروغ ملے گا۔
صدر مملکت نے اسلام آباد میں اے ڈی پورٹس گروپ کے نمائندہ دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا اور تجارت کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل اور کسٹمز سہولت کاری کے اقدامات پر گروپ کے تعاون کو سراہا۔
اس ملاقات میں خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، رکن قومی اسمبلی و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔











