صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی ملاقات ، مکالمے اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور

9

ابوظہبی۔27جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے رواداری اور انسانی اخوت کے حوالے سے قومی وژن کو سراہتے ہوئے مکالمے اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے ملاقات کے دوران رواداری اور بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں مکالمے کے فروغ، شمولیت اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے رواداری اور انسانی اخوت کے حوالے سے قومی وژن کو سراہا۔

 صدر مملکت نے 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی کو سماجی ہم آہنگی کا ایک متاثر کن نمونہ قرار دیا۔

اس موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔