وزیراعظم محمد شہبازشریف سے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کی ملاقات، وزیراعظم کا نیب کی پیشہ وارانہ آزادی اور قومی وسائل کے تحفظ کے مشن کی حمایت کا اعادہ

13

اسلام آباد۔27جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قومی احتساب بیورو کی پیشہ وارانہ آزادی اور قومی وسائل کے تحفظ کے اس کے مشن کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو نیب کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2025ء پیش کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے نیب کی کارکردگی کا باضابطہ جائزہ لیا اور نیب کو ایک ٹیکنالوجی کی بنیاد پر  چلنے والے ادارے میں تبدیل کرنے کو سراہا ۔  وزیر اعظم نے جدید ٹیکنالوجیز کے انضمام بالخصوص مصنوعی ذہانت کی مدد سے تحقیقات کو سراہا ۔ انہوں نے نیب کے  ای-آفس فریم ورک کی بھی تعریف کی جو حکومت کے وسیع تر کفایت شعاری اور شفافیت کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ وزیراعظم نے نیب کی عوامی خدمات کی جانب توجہ کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے نیب کی پیشہ ورانہ آزادی اور قومی وسائل کے تحفظ کے اس کے مشن کی حمایت کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس نیب نے 6.213 ٹریلین روپے کی ریکوری کی جو ایک ریکارڈ ہے۔

 چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو 2.98 ملین ایکڑ ریاست اور جنگلات کی اراضی کو دوبارہ حاصل کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جس کی قیمت تقریباً 5.99 ٹریلین روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  جعلی اور فراڈ ہائوسنگ اور انویسٹمنٹ سکیمز کے 115,587 متاثرین کو 180 بلین روپے واپس دلوائے گئے جو کہ ایک ایسی قومی خدمت ہے جس سے عام آدمی کا اعتماد بحال ہوا۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ نیب ‘‘کھلی کچہری’’  اور ‘‘سینٹرل کمپلینٹ سیل ’’  نے کامیابی سے ریاست اور اس کے شہریوں کے درمیان فاصلوں کو ختم کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ بیورو ڈرانے دھمکانے کے بجائے شکایات کے ازالے کا وسیلہ بنے۔