ملتان ، 28جنوری(اے پی پی):
چیئر مین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان کے وژن کے مطابق ” دیانت داری کے فروغ اور بد عنوانی کے خاتمے ” کی مہم کو تیز کرتے ہوئے ، آگاہی و تدارک (Awareness & Prevention) و نگ نیب ملتان کے زیر اہتمام ایک خصوصی مطالعاتی دورے کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج سول لائنز ملتان کے طلبہ اور فیکلٹی ممبر ان پر مشتمل وفد نے آج نیب ملتان کا مطالعاتی دورہ کیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان، محمد ندیم خان نے وفد کو بد عنوانی کے خلاف جاری جنگ میں نیب کے طریقہ کار ، دائرہ اختیار اور حاصل کردہ کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر سکتی ہے۔
بریفنگ کے بعد محمد ندیم خان ، ایڈیشنل ڈائریکٹر نے وفد کو بیورو کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔ وفد کے ارکان کو نیب کے آپریشنل کام کرنے کے طریقہ کار اور شکایات کے ازالے کے نظام کے بارے میں عملی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اس دورے کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں کے طلباء میں سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا اور انہیں کرپشن سے پاک پاکستان کے مشن میں شامل کرنا ہے۔
وفد میں شامل اساتذہ اور طلبہ نے نیب ملتان کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیمی سطح پر دیانت داری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔











