اسلام آباد، 28جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے حکومت پاکستان ہر سطح پر مؤثر سفارتی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوششوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل پر ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، یورپی فورمز پر مؤثر آواز بلند کرنے اور رابطوں کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











