وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم میرٹ اور کارکردگی کی علامت ہے،وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا راولپنڈی میں تقریب سے خطاب

10

 

راولپنڈی،29جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم میرٹ اور کارکردگی کی علامت ہے،  ماضی میں سیاسی رہنماؤں کی تقاریر بظاہر بڑی پراثر ہوتی تھیں مگر ان کا کوئی عملی نتیجہ سامنے نہیں آتا تھا، جبکہ ہم اپنے رہنماؤں پر نعروں نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر فخر کرتے ہیں۔وہ جمعرات کو  پیر مہر علی شاہ  بارانی زرعی یونیورسٹی میں وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کو کئی سیاسی رہنماؤں نے تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم حقیقت یہ ہے کہ یہ سکیم حقدار اور قابل طلبہ کے لیے ہے اور یہ کوئی خیرات نہیں بلکہ طلبہ کی محنت کا صلہ ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ سکیم اس وقت شروع کی گئی جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب تھے، اور اس کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا احترام نہایت ضروری ہے کیونکہ اچھی تربیت ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد بنتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری قیادت کی سربراہی میں میٹرو بس منصوبہ مکمل کیا گیا، جس میں سفر کرنے والے 70 فیصد افراد کا تعلق تعلیمی شعبے سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مانچسٹر اور برمنگھم میں” ستھرا پنجاب “ منصوبے کو بطور ماڈل اسٹڈی کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ریلوے کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے 10 ارب روپے کا منافع کمایا ہے، 70 ریلوے اسٹیشنز کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے جبکہ ریلوے اسٹیشنز اور پرائم ٹرینز میں وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جا چکی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہزارہ ڈویژن سے سال کے اختتام تک نیا ریلوے ٹریک شروع کیا جا رہا ہے اور پاکستان ریلوے کو وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک کرنے کے منصوبے کی بنیاد بھی اسی سال کے آخر میں رکھی جائے گی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ملک پر اصل حق ان لوگوں کا ہے جو اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، اور پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے ہم سب نے اپنے حصے کا کام نہ کیا ہو، لیکن جن لوگوں کو طعنے دیے جاتے ہیں، انہوں نے عملی طور پر اپنے حصے کا کام کر کے دکھایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں سکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ آخر میں انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ کامیاب لوگوں کی زندگیوں سے سبق حاصل کریں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔