پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانےکا عزم: وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کا روانڈا کافی فیسٹیول سے خطاب

9

اسلام آباد، 29جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے روانڈا کافی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا سے کافی اور چائے کی درآمد میں اضافہ کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست امپورٹ ایکسپورٹ سپلائی لائن قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تجارتی مفاہمتی یادداشت (ٹریڈ ایم او یو) پر جلد دستخط کا خواہاں ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کو منظم اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کو اعلیٰ معیار کے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات برآمد کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اس موقع پر روانڈا کے وزیرِ تجارت نے پاکستانی چاول کو دنیا کے بہترین چاولوں میں شمار کرتے ہوئے اس کے معیار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ روانڈا پاکستانی کاروباری برادری کے لیے سرمایہ کاری کے لحاظ سے ایک کھلا اور سازگار ملک ہے۔

روانڈا کے وزیرِ تجارت نے مزید کہا کہ روانڈا افریقہ کے 1.4 ارب صارفین پر مشتمل وسیع منڈی تک رسائی کا ایک اہم مرکز ہے، جہاں پیداوار کے بعد افریقی ممالک تک بلا رکاوٹ برآمدات ممکن ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ روانڈا کافی فیسٹیول پاکستان اور افریقہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کی واضح علامت ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران 200 سے زائد روانڈا کے تاجر پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط میں نمایاں اضافے کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے اس امید کا اظہار کیا کہ روانڈا کافی فیسٹیول ثقافتی اور تجارتی شراکت داری کو نئی جہت دے گا اور پاکستان-افریقہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔