اسلام آباد،29جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت راولپنڈی اسلام آباد میں یکساں اوقاتِ اذان اور نماز کے لئے مشاورتی اجلاس وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔
تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء،مشائخ اور تاجر برادری کے نمائندوں نے ‘نظامِ صلوٰۃ’ کے حوالے سے گفتگو کی اور فیصلہ کیا کہ جلد یکساں اذان اور نماز کا کلینڈر جاری کرتے ہوئے باقاعدہ عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جب راولپنڈی اسلام آباد میں یکساں اذان اور نماز شروع ہو گی تو اس کے اثرات چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان تک جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ یکساں اذان اور جماعت کے لئے قانون سازی کے لئے وزارت کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کی بامعنی گفتگو ،مفید مشاورت سے ہمیں راہنمائی حاصل ہوئی جو مستقبل میں نماز با جماعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ وزارت مذہبی امور ان مشاورتی اجلاسوں کی روشنی میں عملی ،متوازن اور قابل قبول اقدامات کرے گی تاکہ نظام صلوٰۃ ،اتحاد امت اور دینی ہم آہنگی کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے یکساں اذان اور نماز کے رحجان کے فروغ کے لئے دفاتر ،تجارتی مراکز میں نماز اور وضو کی جگہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ،تاجروں کی اتفاق رائے مثالی ہے اس مشن کو اسی طرح مل کر آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اسلام آباد میں باجماعت نماز کا ماحول ہوگا تو باقی شہریوں میں بھی اس کی تقلید نظر آئے گی۔











