وفاقی وزرا ء انجینئر امیر مقام اور رانا تنویر حسین سے بونیر کے جرگہ کی ملاقات

12

اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین سے بونیر کی تحصیل مندن سے تعلق رکھنے والے نمائندہ جرگے نے جرگہ شاہ بخت روان کی قیات میں ملاقات کی، جس میں تحصیل مندن کے دیرینہ مسائل خصوصاً تمباکو کی خریداری اور کوٹے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

جرگے کی جانب سے تحصیل مندن میں تمباکو خریداری کے لیے ڈپو قائم کرنے اور خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ پیش کیا گیا، جس کی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بھرپور حمایت کی۔

وفاقی وزیر خوراک رانا تنویر حسین نے جرگے کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے تحصیل مندن کے لیے اضافی 10 لاکھ کلوگرام تمباکو کوٹہ فراہم کرنے اور مندن میں تمباکو خریداری مرکز (ڈپو) قائم کرنے کی منظوری دے دی۔

ملاقات کے موقع پر سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو کمپنی بھی موجود تھے۔