اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی ): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس آگاہی مہم کے تحت ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسلام آباد میں ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔
سیشن میں خواتین کاروباری افراد کو ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے طریقہ کار، قانونی تقاضوں اور ٹیکس سے متعلق عمومی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ مقررین نے ٹیکس نظام میں سہولت اور آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور نئے کاروبار کرنے والی خواتین کو ٹیکس قوانین کو سمجھنے میں رہنمائی فراہم کرنے سے شمولیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویمن چیمبرز اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون خواتین کاروباری طبقے کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
مقررین کے مطابق اس نوعیت کے آگاہی پروگرامز خواتین کو ٹیکس نظام سے متعلق بہتر فہم فراہم کرنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ مختلف تجاویز اور آراء مستقبل کی مشاورت کا حصہ بن سکتی ہیں۔
آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹیکس آگاہی کے فروغ کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔











