یومِ یکجہتی کشمیر، 5 فروری کا دن کشمیری عوام کے ساتھ اتحاد، شعور اور اخلاقی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، سینئر حریت رہنما عبدالحمید لون
اسلام آباد، 02 فروری (اے پی پی ): سینئر حریت رہنما عبدالحمید لون نے 5 فروری، یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سےگفتگو کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے ساتھ اتحاد، شعور اور اخلاقی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، اور اس جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک عظیم تہذیبی، تاریخی اور جغرافیائی ورثے کا حامل خطہ ہے، جس کی قدرتی خوبصورتی اور صدیوں پر محیط ثقافتی روایات دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہیں۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس طویل تنازع کے دوران کشمیری نوجوانوں، خواتین اور معصوم بچوں کو شدید مشکلات، جانی نقصان اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد بنیادی طور پر ایک پرامن اور آئینی مزاحمت رہی ہے، جس کا مقصد اپنے جائز اور تسلیم شدہ حقوق کا حصول ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی اور محبت رکھتے ہیں اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مستقل اور اصولی مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو محض ایک علاقائی تنازع کے بجائے ایک انسانی مسئلہ سمجھتے ہوئے مؤثر کردار ادا کریں اور ایک منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔











