راولپنڈی۔2فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے لیبیا کی حکومت کے وزیر اعظم ڈاکٹر اسامہ سعد حماد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ جس کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص متعلقہ خطوں میں سکیورٹی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ملاقات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔
قبل ازیں نور خان ایئربیس پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔











