اسلام آباد، 03 فروری (اے پی پی ): متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2026 میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کی شرکت وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عمل میں آئی۔
وزیر مملکت نے سمٹ کے ایک وزارتی پینل میں شرکت کی جس کا موضوع ’’انوسٹنگ اسمارٹ فار ریزیلینٹ اکانومیز‘‘ تھا۔ پینل میں مختلف ممالک کے معاشی امور کے وزراء اور ماہرین شریک تھے جبکہ لبنان کے صدر کے معاشی امور کے مشیر ڈاکٹر راوا ہرارتی نے ماڈریٹر کے فرائض انجام دیے۔
پینل سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے پاکستان کی حالیہ معاشی صورتحال، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے امکانات اور نجی شعبے کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت نے سمٹ کے انعقاد پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
سمٹ میں قیادت، گورننس، انسانی سرمایہ، معاشی استحکام اور مستقبل کی معیشتوں سے متعلق مختلف موضوعات پر سیشنز منعقد ہوئے۔











