اسلام آباد،04فروری(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان، انجینئر امیر مقام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ پانچ فروری کو پوری قوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کشمیری تنہا نہیں ہیں، پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی تمام بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔
اس موقع پر غلام محمد صفی، حریت رہنما نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کرنے پر پاکستان اور اس کے عوام کے مشکور ہیں۔











