پشاور، 10فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی گورنر ہاؤس پشاور پہنچے جہاں ان کی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کرانے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت گورنر اس معاملے کو متعدد بار پی سی بی کے سامنے اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے رواں سال پی ایس ایل میچز کا انعقاد ایک بہترین اقدام ثابت ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں اور عوام کو کھیلوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گی۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کو جلد مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہونے والے سید عون عباس کو صدارتی سول ایوارڈ ستارۂ شجاعت دینے کی بھی سفارش کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر خیبر پختونخوا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔











