وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سعودی عرب کے معاون وزیرِ سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کے درمیان ملاقات

15

اسلام آباد، 11 فروری (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور سعودی عرب کے معاون وزیرِ سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان–سعودی تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داری ماڈل کے تحت اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے وسطی ایشیا،افریقہ اور آسیان کی منڈیوں تک مشترکہ رسائی کے امکانات کا بھی جامع جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پیداواری صلاحیت کو سعودی سرمایہ اور مارکیٹ رسائی کے ساتھ یکجا کر کے باہمی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سعودی وفد نے پاکستان میں کارپوریٹ رائس فارمنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ طویل المدتی سپلائی انتظامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ زرعی شعبے میں چاول، چارہ، گوشت اور غذائی تحفظ سے متعلق منصوبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر غور کیا گیا۔ اس کے ساتھ زرعی میکانائزیشن اور کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے برآمدی صلاحیت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں کپاس سمیت زرعی پیداوار میں کمی جیسے مسائل کے حل کیلئے برآمدی سرمایہ کاری ماڈلز زیرِ غور لائے گئے۔ افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے نرسنگ، کیئر گیونگ اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبوں میں پاکستان–سعودی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ سعودی تجربات کی روشنی میں پاکستان میں “ٹرین ٹو ڈیپلائے” ماڈل متعارف کرانے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی۔

مزید برآں تعمیراتی میٹریل، ماربل اور لائم اسٹون کی سعودی درآمدی ضروریات میں پاکستانی سپلائرز کیلئے مواقع پر گفتگو ہوئی جبکہ فارماسیوٹیکلز،اسپورٹس گڈز اور لائٹ انجینئرنگ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ وار ورکشاپس اور بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے ذریعے عملی اور دیرپا نتائج حاصل کیے جائیں گے تاکہ دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔