اسلام آباد، 14 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مصنوعی ذہانت تیزی سے دنیا کو بدل رہی ہے اور طلبہ کو مستقبل کے شعبوں کا درست انتخاب کرنا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے بلوچستان ریزیڈنشل کالج اوتھل کے طلبہ سے پاکستان سیکریٹریٹ میں ملاقات کے دوران کہی۔
وفاقی وزیر تجارت نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ائیر کے فائنل بیچ کے تمام طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
انہوں نے طلبہ کو زراعت، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور کان کنی جیسے شعبوں کی جانب توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان تانبہ، سونا، کرومائٹ اور دیگر معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جو صوبے کی ترقی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔
وزیر تجارت نے کہا کہ بلوچستان ریزیڈنشل کالج اوتھل مرحوم جام میر محمد یوسف کا لسبیلہ کے عوام کے لیے ایک تعلیمی تحفہ تھا، اور اس ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جدید لیبارٹریز اور فائبر آپٹک انٹرنیٹ کو تعلیمی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
جام کمال خان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے موقع کو ضائع نہ کریں کیونکہ یہ موقع دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، اور کامیابی کے لیے محنت کو شعار بنائیں۔اس موقع پر طلبہ نے لیپ ٹاپ فراہمی کے اعلان پر وزیر تجارت کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی سہولیات میں بہتری کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔











