وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کا فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح

11

اسلام آباد،16فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وفاقی حکومت ملازمین ہاؤسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹرزF-14اورF-15 میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے بعد منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا ہے۔

افتتاحی موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت دونوں سیکٹرز میں ترقیاتی کام نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن مکمل کرے گی۔ یہ ہاؤسنگ منصوبہ 2015 میں شروع کیا گیا تھا تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر تعطل کا شکار رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہوئی ہے اور رکے ہوئے ہاؤسنگ پراجیکٹس دوبارہ فعال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کے تمام سیکٹرز بتدریج دوبارہ ٹریک پر آ رہے ہیں۔

ریاض حسین پیرزادہ نے یقین دہانی کرائی کہ زمین مالکان اور الاٹیز کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے، جائز معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی اور منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے این ایل سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مؤثر رابطہ، ادارے کی ساکھ کی بحالی اور وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے، جبکہ الاٹیز سے اقساط کی بروقت ادائیگی کی اپیل بھی کی گئی۔ اس موقع پر تمام رکے ہوئے منصوبے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

حکام کے مطابق سیکٹرز F-14 اور F-15 تقریباً 10,875 کنال رقبے پر مشتمل ہیں جہاں لگ بھگ 11 ہزار رہائشی پلاٹس موجود ہیں، اور انہیں دارالحکومت اسلام آباد کی بہترین لوکیشنز میں شمار کیا جاتا ہے۔