واشنگٹن، 20 فروری ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یونائیٹڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بینجمن بلیک نے واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی شریک تھی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں ڈی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے کی جانے والی ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کرتے ہوئے ڈی ایف سی پر زور دیا کہ وہ توانائی، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں اپنی فنانسنگ میں اضافہ کرے۔
انہوں نے ڈی ایف سی کے ایک بلین ڈالر سے زائد کے موجودہ پورٹ فولیو کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی معاشی ترجیحات میں ہم آہنگی پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بینجمن بلیک کو اپریل میں اسلام آباد میں ہونے والی معدنیات کانفرنس میں شرکت اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ ڈی ایف سی کے سی ای او نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو ایجنسی کے مستقبل کے اسٹریٹجک اقدامات اور متوقع منصوبوں سے آگاہ کیا۔











