حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام پر ٹیکسسز کا بوجھ کم کرنے کیساتھ بجلی کے نرخوں میں بھی کمی لائی جائے، سردار اویس احمد خان لغاری

9

ڈیرہ غازی خان،17 فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام پر ٹیکسسز کا بوجھ کم کرنے کے ساتھ بجلی کے نرخوں میں بھی کمی لائی جائے،آئندہ برس کے آغاز میں ڈیرہ غازی خان ائیر پورٹ کو مقامی و بین الاقوامی فلائیٹس کے لیے آپریشنل کر دیا جائے گا جبکہ یہاں پر کینسر ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیر اعظم نوجوانوں کے روزگار کے لئے فکر مند رہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈیرہ غازی خان آرٹس کونسل میں غازی یونیورسٹی کے طالبعلموں میں وزیر اعظم سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار اویس احمد لغاری نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام پر ٹیکسسز کا بوجھ کم کیا جائے اور بجلی کے نرخوں میں بھی کمی لائی جائے۔اس حوالے سے ہماری آئی ایم ایف سے بات چیت جاری رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ ایک ڈیڑھ سال میں ہم اس قابل ہو جائیں گے عوام کو یہ ریلف فراہم کیا جا سکے کیونکہ انڈسٹری میں کارپوریٹ اور دیگر ٹیکسسز زیادہ ہیں۔انہوں کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی احساس ہے کہ ملازمین کو اپنی سالانہ آمدن میں سے چند ماہ کی تنخواہیں ٹیکس اور دیگر واجبات میں ادا کرنا پڑتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے بوجھ کم رہے ہیں اور پاکستان کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2002 میں جب میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بنا تو میری اس وقت بھرپور کوشش تھی کی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکوں اور ہم نے موبائل ٹیکنالوجی کو اتنا سستا کردیا تھا کہ ایک ریڑھی والہ بھی با آسانی موبائل خرید اور استعمال کر سکتا تھا۔آج بھی میں اسی جذبے سے توانائی کی وزارت چلا رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے اور ہمارے نوجوان با صلاحیت اور پر عزم ہیں۔وزیر توانائی نے کہاکہ سوشل میڈیا پر ناقدین کو بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ ماہ سے ڈیرہ غازی خان ائیر پورٹ کی بحالی کے حوالے سے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا اور ایک سال کی مدت میں اسے بین الاقوامی ائیر فلائیٹس کے لیے آپریشنل کر دیا جائے گا۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کے لئے رقبہ مختص کر دیا گیا ہے اور آئندہ ماہ اس کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا تاکہ یہاں کے شہریوں کو کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کی بہترین سہولیات میسر آ سکے۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے یہاں کے بزرگوں،خواتین کے علاوہ طالبعلموں کو عزت و توقیر کے ساتھ بہترین سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔

وزیر توانائی نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا کیونکہ پڑھا لکھا نوجوان ہی ملک ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں کہا کہ آج کی تقریب میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ملنے کے بعد میں امید کرتا ہوں اور اپنا ترقی کا سفر شروع کر دیں گے۔اویس لغاری نے کہا کہ مخالفین ہم پر تنقید کرنے ہیں کہ ہم عمران خان کا ووٹ بنک کم کرنے لئے ایسے پروگرام لاتے ہیں حالانکہ حقائق انکے برعکس ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت صرف میرٹ پر یقین رکھتی اور ایسے نوجوانوں کو ترقی کے وہ پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتی ہے جس کے اس کے پاس وسائل موجود نہ ہوں۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نوجوانوں کے روزگار کے لئے فکر مند رہتے ہیں اور نئے مواقع پیدا کے لئے کوشش میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نوجوانوں سے کہوں گا کہ وہ ٹیکنیکل شعبوں میں بھی دلچسپی لیں کیونکہ اس سیکٹر میں روز گار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہمارے 392 ہونہار طالبعلموں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ اس کے مثبت استعمال سے اپنی ترقی کی راہیں ہموار کریں گے۔انہوں کہا کہ ہماری کوشش ہے غازہ یونیورسٹی کو ملک کی بہترین درس گاہ بنایا جائے۔تقریب سے کمشنر ڈیرہ غازی خان نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی سردار صلاح الدین کھوسہ، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ،سابق رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ موجود تھے۔