عوام میں جدید تعلیم عام کرنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خواب ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

15

راولا کوٹ،17 فرری (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے راولاکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے استقبالیہ سے  خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے آئے ہیں تاکہ کشمیری کسی سے پیچھے نہ رہیں۔ عوام میں جدید تعلیم عام کرنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خواب ہے۔

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی ہماری ترجیح ہے، کشمیر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، شہداء کے ورثاء سے بات کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ اس ایل او سی کے بارڈر پر رہنے والے صرف کشمیر کے نہیں بلکہ پاکستان بھر کے محافظ ہیں۔ کشمیری اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی دلیری اور پاک فوج کے جوانوں کی وجہ سے یہ ملک محفوظ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف کی لیڈرشپ میں پاکستان مسلم لیگ ن کشمیر میں ایک تاریخی پارٹی ہے۔ نواز شریف نے ترقی اور وژن کی سیاست کا سنگ بنیاد رکھا۔  وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کو دانش سکولوں کا تحفہ دیا، صحت کارڈ حکومت کی ترجیح ہے۔