اسلام آباد، 17 فروری (اے پی پی): چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بہترین تربیت فراہم کر کے اسکل ڈویلپمنٹ کے تحت بیرون ملک مواقع دیے جا رہے ہیں جبکہ رواں سال ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کر کے 38 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں اور توقع ہے کہ یہ 40 ارب ڈالر سے بھی آگے جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فریم ورک پاکستانیوں کو باعزت روزگار کی فراہمی اور ملک میں سازگار ماحول کی تشکیل پر مرکوز ہے۔ انہوں نے خواتین کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج جن خواتین کی کامیابی کی کہانیاں سنی گئیں ان کا اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ کسی بھی میدان میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا سب سے بڑا جزو وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون اسکیم ہے جس کے تین درجے ہیں، پہلے درجے میں پانچ لاکھ روپے تک بلا سود قرضے مائیکرو فنانس اداروں کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ نئے کاروبار شروع کیے جا سکیں، دوسرے درجے میں پندرہ لاکھ روپے تک قرض دیا جاتا ہے تاکہ مستحکم کاروبار کو وسعت دی جا سکے۔ تیسرے درجے میں پہلے حد پچھتر لاکھ روپے تھی تاہم حالیہ فیصلے کے مطابق اسے بڑھا کر ڈھائی سے تین کروڑ روپے تک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم 2013 میں شروع ہوئی تھی اور 2020 تک اس کے مستفید ہونے والوں کی تعداد 71 ہزار تھی تاہم گزشتہ دو برسوں میں اسے بڑھا کر دو لاکھ 71 ہزار سے زائد کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال وزیر اعظم نے اسکیم کے حجم کو 200 ارب روپے تک بڑھایا تھا جبکہ آئندہ مالی سال میں اسے 250 سے 300 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ سال قرض اسکیم سے 11 فیصد خواتین نے استفادہ کیا جبکہ اس سال کم از کم 25 فیصد خواتین کو اس میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے بینکوں کے اشتراک سے خواتین چیمبرز کے تعاون سے سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو منصوبہ سازی اور قرض درخواست کے مراحل میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی پہلی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی منظوری کابینہ دے چکی ہے جس کے تحت لیبر فورس میں کم از کم 25 فیصد خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمولیتی پالیسی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کر رہی ہے اور انہیں ہنرمند بنانا وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا بنیادی وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہو رہی ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے طے پا رہے ہیں جس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔
انہوں نے خواتین چیمبر کی نمائندہ خواتین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کی معاشی خودمختاری ہی روشن اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ہر سطح پر نوجوانوں اور خواتین کی سرپرستی جاری رکھے گی۔











