وفاقی وزیرسید عمران احمد شاہ کا وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج کیلئے این ٹی سی کے کال سینٹر کا دورہ

16

اسلام آباد، 17فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے لیے قائم نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی )کے کال سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات، تیاریوں اور آپریشنل فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ این ٹی سی کی ایف-5 بلڈنگ میں قائم کال سینٹر 15 فروری 2026 سے باقاعدہ فعال ہے، جہاں اس وقت تقریباً 50 تربیت یافتہ کال ایجنٹس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عوامی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئی-9 میں دوسرا کال سینٹر بھی جلد فعال کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کال سینٹر میں ریئل ٹائم ڈیش بورڈ سسٹم کے ذریعے ایجنٹس کی کارکردگی، قطار میں موجود کالز اور موصولہ کالز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، تاکہ مستحقین کو بروقت اور مؤثر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

اہل افراد کی تصدیق کے لیے شناختی کارڈ نمبرز کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پورٹل سے اہلیت چیک کی جاتی ہے، جبکہ مستحقین کو مقررہ بینکوں اور رقوم کی وصولی کے طریقۂ کار سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق 16 فروری کو صرف ایک دن میں رمضان ریلیف پیکیج سے متعلق تقریباً 43 ہزار کالز موصول ہوئیں، جو عوامی دلچسپی اور پروگرام کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے کی ایک مرتبہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اب تک تقریباً 14 لاکھ مستحقین کے بینک اکاؤنٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے ہدایت کی کہ بی آئی ایس پی کنٹرول روم کو 24/7 بنیادوں پر فعال رکھا جائے، کم از کم رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران چوبیس گھنٹے آپریشن ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو ریلیف پیکیج سے متعلق معلومات اور معاونت بلا تعطل فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مستحق طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔