کوئٹہ۔ 17 فروری (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ بلال مرزا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار کے لیے خصوصی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، افطاری سے قبل ٹریفک رش پر قابو پانے کے لیے شہر کو 15 سیکٹرز میں تقسیم کر کے 7 کوئیک رسپانس ٹیمیں اور اہلکاروں کی نگرانی کے لیے 2 سپیشل سرویلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایس ایس پی ٹریفک آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی ٹریفک بلال مرزا نے کہا کہ 800 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس پلان کے تحت شہر کے 213 پوائنٹس پر ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں سٹی سرکل، سریاب روڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں یہ نفری ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے افطار کے وقت بھی سڑکوں پر موجود رہے گی جبکہ سیف سٹی کیمروں، اینڈرائیڈ ایپ اور ایف ایم 88.6 کے ذریعے ہر 20 منٹ بعد عوام کو ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایس ایس پی ٹریفک بلال مرزا نے کہا کہ خراب گاڑیوں کی مدد کے لیے مکینک آن وہیلز سروس دستیاب ہوگی، جبکہ لیاقت بازار اور جناح روڈ سمیت وسطی علاقوں کو نو پارکنگ زون قرار دے کر لوڈنگ گاڑیوں، واٹر ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے لیے مخصوص اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے باہر خصوصی نفری اور سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو دشواری نہ ہو، تاہم عید کے قریب ان اوقاتِ کار میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کی جائے گی۔











