اسلام آباد،20 فروری (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات کے فروغ، انسانی وسائل کی بہتری اور مقامی صنعتوں کی مضبوطی پر توجہ دینا ضروری ہے۔
وزارتِ منصوبہ بندی میں منعقدہ تقریب “لانچ آف پوورٹی اینڈ ان ایکوالیٹی ایسٹی میٹس 2024-25” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، ہنر مندی کے فروغ اور ٹیکنالوجی سے آگاہی کے ذریعے قومی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی اور صوبائی سطح پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت فراہم کرنے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام ترقیاتی عمل کا اہم حصہ ہے جبکہ صوبوں کا کردار بھی اس حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وسائل کے مؤثر اور متوازن استعمال سے قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جامع حکمتِ عملی کے تحت معاشی استحکام، ہنر مندی کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔











