اسلام آباد، 25فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ مؤثر طرزِ حکمرانی ہی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کومضبوط معیشت، بہتر سماجی اشاریوں اور عالمی مسابقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع اصلاحات اور مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آئندہ برسوں میں ایک مضبوط اور متحرک معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت نجی شعبے کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان گورننس فورم کا مقصد تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ایسی قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنا ہے جن کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید سہل بنایا جا سکے، ٹیکس نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جائے، برآمدات میں اضافہ ہو اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی صلاحیت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی وسائل کی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور تعلیم، صحت، غذائیت اور آبادی کے مؤثر نظم و نسق پر توجہ دے کر ہی ملک کو دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کا اس عمل میں بنیادی کردار ہے کیونکہ انسانی ترقی کے بیشتر شعبے ان کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مربوط پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت سے نہ صرف کاروباری ماحول بہتر ہوگا بلکہ معیشت کو تیز رفتار ترقی کی سمت بھی فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے قومی ترقی کا سفر مزید مستحکم اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔











