اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی): وفاقی سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی ادارہ جاتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں منعقد ہونے والی روایتی اور پروقار “محفلِ شبینہ” کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور فول پروف سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کی بھرپور ادائیگی کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے اس مبارک تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور تیاریوں کو وقتِ مقررہ پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔
وفاقی سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محفلِ شبینہ کی یہ روایت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ برقرار رکھی جائے گی تاکہ عوام الناس اس بابرکت عشرے کی سعادتوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔











