اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
بدھ کوپاکستان گورننس فورم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان گورننس فورم کے انعقاد پر وزارت منصوبہ بندی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی، پاکستان نے ماضی میں کئی سنگین چیلنجز کا ہمت سے سامنا کیا ہے۔اس وقت پاکستان نے سفارتی محاذ پر کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جس والہانہ انداز میں استقبال کیا اسے پوری دنیا نے دیکھا، آج پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات میں وزارت پارلیمانی امور کا کردار انتہائی کلیدی اور اہم ہے، ملک اور اداروں کو فعال طریقے سے چلانے میں ہر وزارت کی ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزارت پارلیمانی امور پورے ملک سے آنے والی شکایات کے ازالے کے لیے کوشاں ہے۔ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام میں ایک قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔











