اسلام آباد، 26فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم کا انعقاد احسن اقدام ہےجو معاشی اور اقتصادی حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،
آج ‘‘ پاکستان گورننس فورم 2026’’سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا لیکن ان کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکتی ہے، خصوصاً ان طبقات کے تحفظ کے لیے جو سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں، جن میں غریب خاندان، والدین اور کم عمر بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی وارننگ سسٹمز، حفاظتی بندوبست اور گلیشیئرز سے متعلق اقدامات کو اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے پیٹرن میں تبدیلی، شدید بارشیں، ٹورینشل فلڈز، دریائی سیلاب، سمندری طوفان اور شہری علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات کے باعث ہیٹ ویوز جیسے مسائل شدت اختیار کر رہے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ مختلف اقسام کی آفات کا طریقہ کار الگ الگ ہے اور ان سے نمٹنے کے لیے ماہرین اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ہماری روزمرہ زندگی میں نمایاں ہو چکے ہیں اور ماحول میں آنے والی تبدیلیاں مستقبل کے لیے سنگین چیلنج کی صورت اختیار کر رہی ہیں۔











