وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات

13

اسلام آباد، 27 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی جس میں برآمدی شعبے کی ترقی، مسابقت میں اضافے اور پالیسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی استعداد بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت اس شعبے کی مزید مضبوطی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدی عمل کو مزید مؤثر اور سہل بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم کے تحت سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو صنعت کے نمائندوں کے ساتھ مل کر طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر کام کرے گی۔ وزیرِ تجارت نے نئی منڈیوں تک رسائی، برآمدی تنوع اور ہائی ویلیو مصنوعات کی تیاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں حکومت اور صنعت کے درمیان قریبی رابطے اور مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے وزارتِ تجارت کو ہدایت کی کہ صنعت کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر زیرِ غور لایا جائے تاکہ برآمدی شعبہ مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔