اسلام آباد ، یکم مارچ ( اے پی پی) : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت علاقائی اور قومی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، داخلی امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار اور مختلف سفارتی و سیکیورٹی اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء کو افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستانی شہریوں کے ایران سے انخلاء کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ نے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے جاری کوششوں پر بریفنگ دی۔ اور بتایا گیا کہ آذربائیجان کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کو ملک کی داخلی سیکیورٹی صورتحال اور انتظامات پر بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز)، وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔











