کمشنر عامر کریم خاں کا نادرآباد فلائی اوور منصوبے کا دورہ،ڈرین جون اور تیسرا فلائی اوور ستمبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت

18

ملتان،03مارچ (اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں نے نادرآباد کے زیر تعمیر فلائی اوور اور سڑک کے منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سڑک کے دونوں اطراف ڈرین کی تعمیر جون 2026 کے آخر تک ہر صورت مکمل کی جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تیسرا فلائی اوور ستمبر 2026 تک مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے جبکہ ایٹ گریڈ روڈ کی کارپٹنگ آئندہ 10 سے 15 دن میں مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ عوامی سہولت کے منصوبوں میں رفتار اور شفافیت برقرار رکھی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اس موقع پر ایکسئن ہائی ویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی کل لاگت 5 ارب 30 کروڑ روپے ہے،جس میں سے تقریباً 4 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ایکسئن ہائی ویز حیدر علی کے مطابق تین فلائی اوورز میں سے دو مکمل ہو کر ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں جبکہ روڈ اور تیسرا فلائی اوور زیر تعمیر ہیں اور کام تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔