اسلام آباد، 03 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملک محمد احمد خان اور ملک رشید احمد خان نے وزارتِ ریلوے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً ضلع قصور اور گردونواح کے عوام کو درپیش سفری مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران 257-اپ / 258-ڈاؤن بُلھے شاہ پیسنجر کی بحالی کی باضابطہ درخواست کی گئی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے درخواست منظور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بُلھے شاہ پیسنجر (قصور تا پاکپتن) کو 28 مئی 2026 سے دوبارہ چلایا جائے گا۔ یہ ٹرین 15 نومبر 2011 کو معطل کی گئی تھی۔
بُلھے شاہ پیسنجر کا روٹ قصور، عثمانوالہ، کنگن پور، منڈی احمد آباد، بصیرپور، حویلی وساوے والا سے ہوتا ہوا پاکپتن تک ہے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ٹرین کی بحالی سے مقامی آبادی کو سستی، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولت میسر آئے گی اور علاقائی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
علاوہ ازیں، قصور کی عوام کے لیے ایک بڑے اقدام کے طور پر قصور کی تحصیل کھڈیاں میں 25 ایکڑ اراضی پر عوامی پارک کے قیام کی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبہ وزیراعظم، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیرِ مملکت ملک رشید احمد خان کے حلقے میں قائم کیا جائے گا، جس سے مقامی شہریوں کو تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے قصور ریلوے اسٹیشن کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا تاکہ مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مزید برآں، تیزگام ایکسپریس کو کوٹ رادھا کشن میں اسٹاپ دینے پر اصولی رضامندی بھی ظاہر کی گئی، جس سے مقامی مسافروں کو براہِ راست سفری سہولت حاصل ہوگی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوام کو بہتر، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











