اسلام آباد، 04 مارچ (اے پی پی): وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی،جس میں خطے میں معاشی ترقی کے فروغ اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) سیکٹر کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری اسداسلام مانی، میرپور چیمبر آف کامرس کے نمائندگان،اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی سی ای او نادیہ جے سیٹھ نے شرکت کی۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، خصوصاً ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے ذریعے معاشی پیش رفت کو تیز کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد سمیڈا آزاد جموں و کشمیر میں تکنیکی اور ہنر مندی کی تربیتی پروگرامز کا آغاز کرے گی،جن میں خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ خطے میں ہوم اسٹے ماڈل بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ پائیدار آمدن کے مواقع پیدا ہوں اور خواتین کی معاشی حیثیت مضبوط ہو۔
حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو قرضوں اور مالی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا اولین ہدف ہے اور آزاد جموں و کشمیر میں اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایس ایم ایز کی دستاویزی عمل سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا، جس کے جواب میں سمیڈا کاروباروں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور دستاویزی تشکیل کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ مالیاتی سہولیات سے بہتر طور پر استفادہ کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور خطے کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا ہوگا۔
آزاد جموں و کشمیر کے نمائندگان نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایکسپو سینٹرز اور ڈرائی پورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق پہلے شعبوں کی باقاعدہ دستاویزی تشکیل کو یقینی بنایا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار بنیادوں پر ایکسپو سینٹرز اور ڈرائی پورٹس قائم کیے جائیں گے۔
معاونِ خصوصی نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ وہ ایس ایم ایز کو فنانسنگ اور کریڈٹ سہولیات کی فراہمی میں مکمل تعاون فراہم کرے۔ مؤثر عمل درآمد اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ورکنگ گروپس اور فالو اپ میکانزم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے تاکہ آزاد جموں و کشمیر میں پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔











