لودھراں،04 مارچ(اے پی پی): لودھراں میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے آپٹیکل فائبر، انفراسٹرکچر، کیمروں اور پولز کی تنصیب، انسٹالیشن کے مراحل اور آلات کے تحفظ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ لودھراں میں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا اور جرائم کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ متعلقہ محکمے سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے درکار تمام ضروریات بروقت پوری کرنے کے پابند ہوں گے۔ اجلاس میں کیمروں، پولز اور فائبر انسٹالیشن کے سلسلے میں مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ کام کے دوران بجلی کی بندش کے معاملات کیلئے میپکو کو پیشگی آگاہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کو پولز کی تنصیب میں مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کے اختتام پر سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے فائبر انسٹالیشن کے مجوزہ پلان پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور اس پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب، لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ، سیف سٹی کے منیجرحسیب انور سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











