ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے آذربائیجان کی مدد کے مشکور ہیں، خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارتخانے پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر دم متحرک رہیں، وزیراعظم شہباز شریف

7

اسلام آباد۔5مارچ  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے برادر ملک آذربائیجان کی مدد کے مشکور ہیں، خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارتخانے پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر دم متحرک رہیں۔

 جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت طلال چوہدری، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ایران سے پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ رہے ہیں،آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ پوری طرح متحرک ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ اس ساری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

اجلاس کو خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارتخانے پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر دم متحرک رہیں۔