وزیراعظم کی زیر صدارت این ایچ اے کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس، آمدن میں نمایاں اضافہ

14

اسلام آباد، 5 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی آمدن، موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات، سروس ایریاز کی بہتری اور جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے این ایچ اے کی آمدن میں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات کے مؤثر نفاذ اور سروس ایریاز کی بہتری سمیت دیگر اقدامات پر وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024 کے مقابلے میں مالی سال 2025 میں این ایچ اے کی آمدن 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر 109 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جو 63 فیصد اضافہ ہے۔ بریفنگ کے مطابق یہ اضافہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ٹول ٹیکس وصولی کے نظام میں بہتری اور دیگر انتظامی اقدامات کے باعث ممکن ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے جبکہ موٹر ویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 2024 کے مقابلے میں 2025 میں موٹر ویز پر ایم ٹیگ کے استعمال کی شرح 20 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد ہو گئی ہے جبکہ ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بالترتیب 90 اور 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس سے نہ صرف حادثات میں کمی آئی بلکہ سڑکوں پر دباؤ کم ہونے کے باعث ان کی عمر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موٹر ویز پر موجود سروس ایریاز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی نئے سروس ایریاز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رواں سال موٹر ویز پر ایئر ایمبولینس سروس متعارف کرائی جائے گی جبکہ موٹر وے کے تمام انٹرچینجز پر ریسکیو 1122 کی خدمات ہر وقت دستیاب ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ این ایچ اے نے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ (این۔5) اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔

وزیراعظم نے وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔