خواتین کو بااختیار بنائے بغیر جمہوریت کی مضبوطی ممکن نہیں،سید یوسف رضا گیلانی

21

اسلام آباد۔6مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کئے بغیر جمہوریت کا استحکام خواب ہے، برابری میں تاخیر دراصل انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل ویمنز ڈے 2026 کے سلسلے میں ویمن پارلیمنٹری کاکس کے زیر اہتمام پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز (پپس) میں منعقدہ قومی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر “پاکستان ویمن پارلیمنٹری لیڈرز پورٹل” کا اجرا ءبھی کیا اور اسے خواتین کی سیاسی شمولیت کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ خواتین کی فیصلہ سازی میں شمولیت اور انہیں سماجی، معاشی و سیاسی طور پر بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ “Rights. Justice. Action. For All Women and Girls” محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی مطالبہ ہے جس پر عملدرآمد قومی فریضہ ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خواتین اور اقلیتوں کو اپنا حقیقی حلقہِ انتخاب سمجھا ہے، ان کے دور میں ہی 8 مارچ کو ‘ورکنگ ویمن ڈے’ قرار دیا گیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی منصوبے شروع کئے گئے جس نے خواتین کو خیرات کے بجائے وقار اور معاشی خودمختاری دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک خواتین نے جمہوری جدوجہد کی عظیم تاریخ رقم کی ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بن کر عالمی افق پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ چیئرمین سینیٹ نے یقین دلایا کہ سینیٹ آف پاکستان خواتین کے حقوق کے تحفظ، ہراسگی کے خاتمے اور ایسڈ کرائمز جیسی فرسودہ رسومات کے خلاف قانون سازی اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گا۔انہوں نے پارلیمنٹرینز پر زور دیا کہ وہ صنفی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے جامع قانون سازی کو فروغ دیں تاکہ 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنف نہیں بلکہ قابلیت اور عزم ہی مواقع کا معیار ہونا چاہئے۔