غربت کا خاتمہ اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

10

اسلام آباد، 9مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت پاکستان ملک میں غربت کے خاتمے اور کمزور طبقات کے تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزارت تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، معاشی مواقع پیدا کرنے اور پسماندہ طبقات کی معاونت کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے سماجی و معاشی منصوبوں کو مزید مؤثر بنائے گی۔

اسلام آباد میں ٹی وی او ہیڈکوارٹرز میں این جی اوز کے درمیان گرانٹس کے چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے شراکت دار تنظیموں کو پہلی قسط کے چیکس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ کمیونٹی کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر پالیسی سازی کے لیے زمینی حقائق کو سمجھنا ضروری ہے، اسی مقصد کے تحت وہ مختلف جامعات، اسپتالوں اور فلاحی اداروں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کو قریب سے دیکھا جا سکے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے تقریب میں موجود تمام شراکت دار این جی اوز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر ان کی کاوشیں انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی صرف مالی معاونت پر نہیں بلکہ شفافیت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ قریبی رابطے پر بھی منحصر ہوتی ہے۔ انہوں نے تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کو شفافیت، جواب دہی اور مؤثر نتائج کے ساتھ آگے بڑھائیں۔

تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے ٹی وی او کی قیادت اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ طویل عرصے سے کمیونٹی کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کر رہا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے گرانٹس حاصل کرنے والی تمام تنظیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے منصوبے کمیونٹیز کی فلاح و بہبود اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔