وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے ملاقات

16

اسلام آباد، 10مارچ(اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے عمل میں مختلف شعبوں کی آراء کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ کو متوازن اور کاروبار دوست بنانے کے لیے تمام متعلقہ حلقوں سے تجاویز حاصل کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا، جہاں باہمی دلچسپی کے امور، آئندہ بجٹ سے متعلق عمومی تجاویز، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں سے مشاورت کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معیشت کے استحکام اور عوامی ریلیف کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں اور حکومتی ٹیم معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار مختلف اسٹیک ہولڈرز سے موصول ہونے والی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بجٹ کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔

ملاقات کے دوران گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر نے انہیں گوجرانوالہ ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی، جبکہ ہارون اختر خان نے کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔