اسلام آباد10 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہادت امام علی پر جلوسوں اور مجالس کی موثر حفاظت اور فول پروف سکیورٹی پلان کے حوالے سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع کے جید علمائے کرام سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں 21 رمضان المبارک یوم شہادت امام علی پر پاکستان بھر کے تمام جلوسوں کو نماز میں مغرب تک ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ، دیگر جلوسوں کا دورانیہ بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عزاداروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج بھی پاکستان آپ سے ایک بار پھر اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علمائے کرام نے بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔
علمائے کرام نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دشمن کی سازش کو اتفاق کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔











