اسلام آباد، 18 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبے کے لیے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جبکہ ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ ہاؤس مورٹگیج سے متعلق اصلاحات کے مسودے پر بھی غور جاری ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے جبکہ رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبوں کے ضابطہ کار کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ ہاؤس فنانس کے سلسلے میں رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر وزارت خزانہ، ایف بی آر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور صوبائی وزارت ہاؤسنگ باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، ریاض پیرزادہ، شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











