ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی علی اصغر عطاری کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو شریعتِ مطہرہ میں نیک اعمال کی اہمیت پر زور

16

اسلام آباد، 19 مارچ (اے پی پی(:ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی علی اصغر عطاری نے کہا ہے کہ شریعتِ مطہرہ میں نیک اعمال کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے اور یہ کہ انسان اگر کسی کمی یا کوتاہی کا شکار ہو جائے تو اچھے اعمال اس کی اصلاح کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ صدقہ فطر بھی اسی حکمت کے تحت مقرر کیا گیا ہے تاکہ روزوں میں رہ جانے والی کمیوں کو پورا کیا جا سکے اور عبادت کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزہ صرف ظاہری عبادت نہیں بلکہ اس کے ساتھ اخلاقی اور باطنی پہلوؤں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدقہ فطر مستحقین کی مدد کا ذریعہ بنتا ہے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ صدقہ فطر ہر صاحبِ نصاب مسلمان پر واجب ہے اور وہ اپنی طرف سے اور زیر کفالت افراد کی طرف سے بھی ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں صدقہ فطر نقد یا اجناس دونوں صورتوں میں ادا کیا جا سکتا ہے، اور اس کی مقدار مختلف اشیاء مثلاً گندم، جو، کھجور یا کشمش کے حساب سے مقرر ہے، لہٰذا صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ اپنی استطاعت کے مطابق بہتر سے بہتر معیار اختیار کریں تاکہ زیادہ اجر حاصل ہو سکے۔