وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس

16

اسلام آباد،19مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان, سیفران انجینئر امیر مقام اور وزیرِ اعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت وزارتِ امور کشمیر میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق تیاریوں اور پارٹی تنظیمی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔

اجلاس کے دوران اس بات کو حتمی شکل دی گئی کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف عیدالفطر کے بعد مظفرآباد، آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ اس سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئیں۔

سیاسی کمیٹی کو اُن امیدواروں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جنہوں نے آئندہ انتخابات کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدواروں کے حتمی انتخاب کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا، جس کی قیادت محمد نواز شریف کریں گے۔