شیڈول میچز کی تیاری کیلئے نیٹ پریکٹس کی بجائے ”پریکٹس میچ” کھیلنا ٹیم کیلئے انتہائی سودمند رہا ہے، فاسٹ باؤلر میر حمزہ

12

لاہور، 25 مارچ (اے پی پی): کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر میر حمزہ نے کہا ہے کہ  شیڈول میچز کی تیاری کے لیے نیٹ پریکٹس کے بجائے ‘پریکٹس میچ’ کھیلنا ٹیم کے لیے انتہائی سودمند رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو میچ فٹنس اور اپنی خامیوں کو سمجھنے کا موقع ملا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، تاہم کراچی کنگز کا اسکواڈ بیٹنگ، فاسٹ باؤلنگ اور اسپن کے شعبوں میں بہترین توازن رکھتا ہے۔

میر حمزہ نے ٹیم میں سلمان علی آغا کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے مڈل آرڈر مضبوط ہوا ہے اور وہ باؤلنگ میں بھی ٹیم کے لیے اہم اثاثہ ثابت ہوں گے۔

کپتان شان مسعود کی قیادت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کی کپتان کے ساتھ بہترین ہم آہنگی ہے جو ٹورنامنٹ میں مثبت نتائج کے لیے ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرم موسم اور دن کے اوقات میں کھیلنا چیلنجنگ ضرور ہے، تاہم ان کٹھن حالات میں پریکٹس سے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہونے میں مدد ملے گی۔