لاہور، 29 مارچ ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی،جس قدر ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا-
خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے جبکہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم،مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہے –
اجلاس کے شرکا ء نے عوام سے گزارش ہے کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں-دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں، اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور انکے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملےگا-وزیراعظم کی نےمتعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی-
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کا ثبوت ہے جبکہ بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے
اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفننگ دی گئی ۔











